(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی وزیردفاع بینی گینٹز نے فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے ممکناء حملوں کے نتیجےمیں غزہ میں مختلف اہداف پر حملے کی منظوری دے دی ہے۔
اسرائیلی نیوز چینل 12کی رپورٹ کےمطابق سابق صیہونی وزیراعظم نیتن یاھو نے15جون بروزمنگل کوشرپسند صیہونی آبادکاروں کو حرم قدسی میں اشتعال انگیز مارچ کی اجازت دی تھی جبکہ دوسری جانب اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے صیہونی ریاست کو متنبہ کیا تھا کہ اگر حرم قدسی، شیخ الجراح سمیت کسی بھی فلسطینی علاقے میں اسلامی مقدس مقامات کی بے حرمتی سمیت فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بےدخل کیا گیا تواس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
القسام بریگیڈ کے خبردار کرنے کےبعد صیہونی وزیردفاع نے صیہونی ریاست اورفلسطینیوں کے درمیان ممکناء کشیدگی کے پیش نظر غزہ میں متعدد مقامات پر جوابی حملوں کیلئے اہداف کی منظوری دے دی ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ پر 10مئی سے 21 مئی تک جاری رہنے والی صیہونی دہشتگردی اور وحشیانہ بمباری کے نتیجےمیں 69 بچوں اور 40 خواتین سمیت کم از کم 279 فلسطینی شہید 1،910 زخمی اور90،000 سے زائد فلسطینی بے گھر ہوگئے تھے۔