(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ فلسطینی یونین آف ہیلتھ ورکرز کمیٹی (یو ایچ ڈبلیو سی) کو بند کرنے کے اسرائیلی فیصلے کے نتیجے میں مغربی کنارے میں مقیم فلسطینیوں کو صحت کے شعبے میں تباہ کن نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کےمشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر صالح حجازی نے اسرائیلی اقدام پر تشویش کا اظہا رکرتےہوئے کہا ہے کہ یونین آف ہیلتھ ورکرز کمیٹی(یو ایچ ڈبلیو سی) مقبوضہ مغربی کنارے میں مقیم پسماندہ فلسطینی آبادی کیلئے صحت کی سہولیات فراہم کرنے والا سب سے اہم ادارہ ہے جس کو اسرائیلی حکام کی جانب سے بند کردیا گیا ہےجس کے تباہ کن نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔
انھوں نے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطین پر قابض ریاست اسرائیل پر بین الاقوامی قانون کے تحت واضح ہے کہ وہ تمام فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ کے کی ذمہ دار ہے، انھوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران اپنی یہ ذمہ داری پوری کرنے میں مکمل طورپر ناکام رہی ہے اور فلسطینیوں کے ساتھ نسلی امتیاز کی پالیسی پر عمل پیرا رہی ہے۔
انھوں نے مغربی کنارے میں بند کروائے گئے صحت عامہ کے مرکز کو فوری طورپر بحال کرنے کے ساتھ مطالبہ کیا ہے کہ فلسطینی صحت کےمراکز میں کام کرنے والے کارکنان کو بھی حراسا ں کیا جانا بند کیا جائے۔