(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )جامعہ کراچی سے تعلق رکھنے والی شعبہ سیاسیات کی چیئر پرسن پروفیسر ڈاکٹر ثمر سلطانہ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کا حل عالمی امن کے لئے ناگزیر ہوچکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ برطانوی استعمار نے اپنے نو آبادیاتی نظام کو بچانے کے لئے کشمیر و فلسطین جیسے مسائل کو جنم دیا، جنوبی ایشیاء میں بھارت کو پولیس مین بنا کر خطے کا امن تباہ کرنے کی کوشش کی گئی جبکہ فلسطین پر اسرائیل کی غاصب ریاست کے قیام کے ذریعہ مغربی ایشیاء میں اجارہ داری کو قائم رکھنے کے لئے گھناؤنا کھیل کھیلا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی استعماری قوتوں کی اجارہ داری کے لئے ہزاروں اور لاکھوں بے گناہ فلسطینیوں کو ان کے وطن سے بے دخل کیا گیا، انسانی حقوق کی بدترین پامالی کی گئی، خواتین اور بچوں کو بدترین مظالم کا نشانہ بنایا گیا۔
ڈاکٹر ثمر سلطانہ کا کہنا تھا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ مسلم دنیا کے ہم خیال ممالک مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے مشترکہ کوششیں کریں اور سیاسی افق پر ایک نیا بلاک تشکیل دیا جائے جس کا مقصد کشمیر و فلسطین جیسے بنیادی مسائل کو منصفانہ انداز میں حل کرنا ہو۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران سمیت ترکی اور دیگر مسلم ہم خیال ممالک کے سربراہوں کو نئے سیاسی بلاک کے لئے کوشش کرنا چاہئے۔