(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی بمباری سے تباہ شدہ شہر غزہ کیلئے متحدہ عرب امارات کی انسانی امدادی تنظیم کی جانب سے بیس ہزار فلسطینی خاندانوں کیلئے ادویہ اور خوراک سمیت 960 ٹن امدادی سامان روانہ کردیا گیا۔
یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق متحدہ عرب امارات کی انسانی امدادی تنظیم امارات ہلال احمر (ای آر سی) نے صیہونی وحشیانہ بمباری اور دہشتگردی کے شکار مقبوضہ فلسطین کے محصورشہر غزہ کیلئے رفح بارڈر کراسنگ کے ذریعے امدادی سامان کی 33 کھیپیں بھیجی ہیں، یہ تمام امدادی سامان ای آر سی کے فلسطینی عوام کے لیے انسانی اور ریلیف پروگراموں کے حصے کے طور پر بھیجا گیا ہے۔
غزہ میں گذشتہ ماہ صیہونی ریاستی دہشتگردی کے باعث 67بچوں اور 36خواتین سمیت 200سے زائد فلسطینی شہید اور ہزاروں فلسطینی خاندان بے گھر ہوگئے ہیں جنھیں خوراک، ضروری ادویہ، کپڑوں اور بنیادی تعمیراتی سامان کی اشد ضرورت ہے۔
امارات کا کہنا ہے کہ ان کا ملک غزہ میں انسانی صورت حال سے متعلق ہونے والی پیش رفت کا باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے۔
جنوری میں یو اے ای نے 90 لاکھ درہم مالیت کا 808 ٹن امدادی سامان بھیجا تھا۔ یہ تمام سامان 10 ہزار خاندانوں کی فوری مدد کے لیے کافی تھا۔ اس امداد کا مقصد فلسطینیوں کی حالت زارکو بہتر بنانا تھا۔