(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی شر پسندآباد کار اس پرچم ریلی کو مسجد اقصٰی کے دروازوں باب العامود، باب الساہرہ، باب الاسباط اور مسجد اقصی کے دوسرے صحنوں سے گزارتے ہوئے "صحن البراق” میں جمع ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
مقبوضہ فلسطین میں صیہونی ریاستی دہشتگردی اور بدترین مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے مرکزی رہنما یحیی السنوار کی جانب سے آئندہ آنے والی جمعرات کے روز صہیونی شر پسندآباد کاروں کے گروہوں کی مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی پرچم ریلی کے انعقاد کی خبروں کے حوالے سے بیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق یحییٰ السنوار نےصہیونی حکام کو سختی کے ساتھ خبردارکرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرصیہونی شر پسند مسجد اقصٰی کی بےحرمتی کرنے کوایک قدم بھی آگے بڑھے تو ہم بھی معاہدے کو بالائے طاق رکھ کر واپس پلٹ جائیں گے اور پھر زمین و آسمان کو ان کے سروں پر دے ماریں گے۔
خیال رہے کہ قابض ریاست اسرائیل میں صیہونی آبادکاروں کی جانب سےگذشتہ ماہ کی 10 تاریخ کو عبرانی کیلنڈر کے مطابق سال 1967ء میں قدس شریف پر پہلے صیہونی قبضے کی خوشی کے دن کو منانے کے لیے اشتعال انگیزپرچم ریلی منعقد کی جانی تھی جو غزہ پر اسرائیلی بمباری اور القدس میں شدید تناؤ اور عالمی دباؤ کے باعث التواء کا شکار ہونے کے بعد آئندہ جمعرات کو منعقد کرنے کی کال دی گئی ہے۔
مزید تفصیلات کے مطابق صہیونی شر پسند اس صہیونی پرچم ریلی کو مسجد اقصٰی کے دروازوں باب العامود، باب الساہرہ، باب الاسباط اور مسجد اقصی کے دوسرے صحنوں سے گزارتے ہوئے "صحن البراق” میں جمع ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔