(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) حزب اللہ نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو تجزیے میں غلطی نہیں کرنا چاہئے ، جارحیت کی صورت میں صیہونی ریاست کو جہنم بنا دیں گے۔
لبنا ن کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے سینئر رکن حسن بغدادی نے صیہونی ریاست کے وزیر دفاع بینی گنٹز کی دھمکی اور لبنان کے خلاف فوجی مہم جوئی پر اپنے سخت ردعمل میں کہا ہے کہ صیہونی ریاست کو ماضی سے سیکھتے ہوئے فخر اور تکبر کے اونچے گھوڑے سے اترنا چاہئے۔
انھوں نے کہا کہ صیہونیوں کی "جارحانہ اور مجرمانہ طبیعت” انہیں غلط فہمیوں کی طرف لے جاتی ہے یہ ماضی سے "سبق نہیں سیکھتے” اور "حقیقی سیاست کو نہیں سمجھتے” جارحیت پسند صیہونی ایک اور جنگ کی صورت میں "جہنم کی آگ” دیکھیں گے، اسرائیلیوں کو دوبارہ اپنے حساب کتاب میں غلطی نہیں کرنی چاہئے حزب اللہ صیہونی ریاست کے اختتام کاموجب بنے گی ۔
واضح رہے کہ صیہونی ریاست کے وزیر دفاع بینی گینٹز نے حزب اللہ پر فوجی مہم جوئی کی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ حزب اللہ کو غزہ میں حماس پر ہونے والے حملوں سے بھی زیادہ نقصان پہنچایا جاسکتا ہے ۔