(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )فلسطینی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کے خلاف قرارداد کی حمایت نہ کر کے بھارت نےظلم کے خلاف عالمی رائے عامہ کی آواز کے ساتھ دینے کا اہم موقع گنوا دیا۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین کے وزیرخارجہ ریاض المالکی کی جانب سے غزہ پرقابض اسرائیلی فوج کی بم باری کے خلاف اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی قراردادمیں بھارت کی جانب سے حمایت نہ کرنے پرمذمتی خط ارسال کیا ہے جس میں فلسطینی وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے اسرائیل کی غزہ میں حالیہ بمباری کے خلاف اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پیش کی گئی قرارداد کی حمایت نہ کر کے ظلم کے خلاف عالمی رائے عامہ کی آواز کے ساتھ دینے کا اہم موقع گنوا دیا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ظالمانہ اقدام کے خلاف ہر ملک کو آواز اٹھانی چاہیے تھی لیکن عالمی انسانی حقوق کونسل میں بھارت سمیت 14 ممالک نے مظلوم فلسطینیوں کا ساتھ نہیں دیا۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پیش کی گئی قرارداد میں اسرائیلی جارحیت کی انکوائری کیلئے کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔