(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) بیلجیئم کی میونسپل کونسل نے قابض صیہونی ریاست اسرائیل پر فلسطینیوں کے خلاف انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے فوری معاشی پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بیلجیئم کے شہر ایزیل کی میونسپل کونسل نے قابض اسرائیلی ریاست کے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے صہیونی ریاست پر فوری معاشی پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے، یہ مطالبہ بیلجیئم کی تین گروپوں کی طرف سے دی جانے والی سفارش پر کیاگیا ہے، بیلجیئم کی سوشلسٹ پارٹی، گرین پارٹی، اور ڈیموکریٹک ہیومین پارٹی نے میونسپل کونسل میں قرار داد جمع کرائی ہے جس کےتحت مقبوضہ فلسطین کے شہر غزہ پر صیہونی ریاستی دہشتگردی، وحشیانہ بمباری اور صیہونی جنگی جرائم کی مذمت کرتےہوئے فلسطین میں مستقل جنگ بندی کو برقرار رکھنے، بے گھر کرنے اور ملک بدر کرنے کی اسرائیلی پالیسیوں کو مسترد کرنے اور فلسطینی اراضی کو الحاق کرنے کی اپیل کی تھی۔
قرارداد میں فلسطینیوں کی کھل کر حمایت کرنے اور اسرائیلی جرائم کی مذمت سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔