(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مقبوضہ فلسطین میں (اونروا)کے کمشنر نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ بیت المقدس کے علاقے شیخ جراح سے فلسطینی گھرانوں کو بے دخل کرنے کی کوششیں ترک کر دے۔
غاصب ریاست اسرائیل اور فلسطین کے درمیان 11 روزہ تباہ کن جنگ کے بعد شکستہ غزہ پٹی کی تعمیر نو کے حوالےسےفلسطین میں اقوام متحدہ کے امدادی کاموں کے ادارے یو این آر ڈبلیو اے (اونروا) کے کمشنر جنرل فلپ لزارینی نے کہا ہے کہ شیخ جرح کے علاقے سے فلسطینیوں کی بے دخلی اور اسرائیلی کارروائیوں کے سبب ان گھرانوں کو شدید دباؤ کا سامنا ہےاور یہ عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے جس کے لیے عالمی سطح پر ان فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کے خلاف آواز اٹھاؤں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کیونکہ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایجنسی کے سربراہ کی حیثیت سے میرا یہ کام ہے کہ فلسطینی پناہ گزینوں کی حفاظت اور مدد کو ممکن بناؤں اس سلسلے میں میری اولین ترجیح بھی فلسطینیوں کو صدمے اور نقصان کے حالیہ دور سے بچانا ہے۔
خیال رہے کہ شیخ جراح کے علاقے میں گذشتہ ماہ اسرائیلی فورسز اور متعدد فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں دیکھی گئی تھیں اور یہ صورت حال قابض ریاست اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقے میں بعض جائیدادوں کو خالی کرانے کے فیصلے کے بعد پیدا ہوئی۔ جس کا دائرہ بڑھ کر مسجد اقصیٰ اور پھر غزہ کی شدید لڑائی تک جا پہنچا تھا جس میں 270 سے زائد مظلوم فلسطینی شہید ہوئے اور 12 اسرائیلیوں سمیت اسرائیل کا زمینی نقصان ہوا تھا۔