(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) رپورٹ میں صہیونی وزیراعظم کو سیاسی جماعتوں کی جانب سے اسرائیل کیلئے خطرہ قرار دے دیا ہے۔
اسرائیل کے عبرانی میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو جو پہلے ہی رشوت اور بد عنوانی کیس کےحوالے سے اسرائیلی عوام میں اپنی نیک نامی گنوا چکے ہیں ایران کے جوہری پروگرام کو لے کر اس حد تک اشتعال انگیز بیان جاری کر رہے ہیں کہ جس سے ریاست کی سلامتی کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں اور اسرائیلی سیاسی جماعتوں نے بھی ان کی جانب سوالیہ نشان اٹھا نے شروع کر دیے ہیں جن میں سیاسی جماعت فیوچر پارٹی کے سربراہ یائیر لبید نے وزیر اعظم کے بیان کو ملک کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم کا اپنے سیاسی مخالفین پر جوہری پروگرام سے متعلق سنگین نوعیت کے الزامات عائد کرنا کسی طورمناسب نہیں ہے ۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع اور سابق آرمی چیف بینی گینٹز نےبھی نیتن یاہو کے ایران ایٹمی پروگرام کے حوالے سے امریکا کے خلاف بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ امریکا سے بڑھ کر ہمارا کوئی اور اہم اتحادی نہیں، اس حوالے سے نیتن یاھو کا بیان اشتعال انگیز ہے۔
واضح رہےکہ گذشتہ روز نیتن یاھو کی جانب سے خفیہ ایجنسی موساد کے نئے چیف ڈیوڈ بارنیا کی تقرری کی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہا گیا تھاکہ اسرائیل کسی صورت بھی ایران کو جوہری طاقت بننے سے روکے گا چاہے اس کے لئے اسرائیل کے امریکا سے تعلقات کشیدہ ہی کیوں نہ ہوجائیں ۔