(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) نیتن یاھو نے کہا ہے کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکیں گے چاہے اس کیلئے امریکا سے تعلقات کشیدہ کیوں نہ ہوجائیں لیکن ایران کو جوہری طاقت نہیں بننے دیں گے۔
صیہونی ریاست کی خفیہ ایجنسی موساد کے نئے چیف ڈیوڈ بارنیا کی تقرری کی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے صیہونی وزیراعظم بن یامین نیتن یاھو نے امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے ایران کے جوہری معاہدے میں واپسی کی کوششوں پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار کرتےہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کسی صورت بھی ایران کو جوہری طاقت بننے سے روکے گا چاہے اس کے لئے اسرائیل کے امریکا سے تعلقات کشیدہ ہی کیوں نہ ہوجائیں لیکن ایران کو جوہری طاقت نہیں بننے دیں گے۔
اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے کہا ہے کہ اسرائیل کےلیے ایران کے جوہری پروگرام کو ناکام بنانا اہم ہے، اسرائیل کے وجود کے لیے سب سے بڑا خطرہ ایران کا جوہری طاقت بنناہے، اگر ایران جوہری طاقت بن گیا تو یہودی ریاست کی مزعومہ کوششیں ناکام ہوجائیں گی اس لئے ایران کے خلاف اسرائیل کی خفیہ مہم جوئی جاری رہے گی۔
نیتن یاھو کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ ایران کے معاملے پر امریکا کے ساتھ کشیدگی نہیں ہوگی تاہم اگر امریکا کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہوبھی جائیں تو بھی ایران کو کامیاب نہیں ہونےدیں گے، ہمیں اپنے وجود کے خطرے کو روکنا ہوگا، ہم ہی اس میں کامیاب اور غالب ہوں گے۔