(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) حماس رہنماؤں سے ملاقات میں مصری سربراہ انسانی بنیادوں پر امداد مہیا کرنے کے طریقہ کار اور غزہ کی تعمیر نو کےعلاوہ قیدیوں کے تبادلے سے متعلق معاہدے پر بھی بات کی جائے گی۔
غزہ میں مستقل امن کے قیام اور دو ریاستی حل کے لیے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان ایک مرتبہ پھر امن مذاکرات بحال کرنے کی کوششوں کے لیےسر گرم عمل مصری صدر عبد الفتاح کےحکم پر انٹیلی جنس سربراہ عباس کامل اپنے وفد کے ہمراہ آج غزہ میں اسلامی تحریک حماس سے ملاقات کے لیے پہنچے جن کا تحریک کے سربراہان نےبھرپور استقبال کیا۔
اب تک کی اطلاعات کے مطابق ملاقات میں غزہ پر اسرائیل کی جانب سے لگائے جانے والے محاصرے اور پابندیوں میں نرمی کے حوالے سے انسانی بنیادوں پر امداد مہیا کرنے کے طریقہ کاراور غزہ کی تعمیر نو کے معاملے پر بھی بات کی جائے گی جبکہ قیدیوں کے تبادلے سے متعلق معاہدے کو بھی حتمی شکل دینے پر غور کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 21 مئی کو طے پانے والی جنگ بندی میں مصر نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ اسرائیل اور غزہ کے درمیان گیارہ دن جاری رہنے والی لڑائی میں 66 بچوں سمیت 248 فلسطینی شہید ہوئے تھے۔