(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) یحییٰ السنوار نےکہا ہے کہ غاصب ریاست اسرائیل سے حالیہ جنگ بندی معاہدہ کمزور اور متزلزل ہے اور کسی بھی وقت ٹوٹ سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین کےمحصور علاقے غزہ میں اسرائیلی ریاستی دہشت گردی سے بر سر پیکار اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے آفس سیکرٹری یحییٰ السنوار کی جانب سے اسرائیل اور حماس کے درمیان حالیہ جنگ بندی کو متزلزل اور کمزور قرار دیتےہوئے کہا ہے کہ اسلامی مزاحمت ہر ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔
انہوں نے کہااسلامی مزاحمتی گروہوں اور غاصب صہیونی ریاست کے درمیان برقرار ہونے والی جنگ بندی بہت کمزور ہے، جو کسی بھی وقت ٹوٹ سکتی ہے, یہ جنگ بندی موجودہ بحران کے حل کیلئے اصل راہ حل نہیں ہے۔
یحییٰ السنوار نے صہیونی حکام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر صہیونی دشمن نے اسلامی مقدسات کی دوبارہ توہین کی اور ایک بار پھر مسجد اقصیٰ کی حرمت شکنی کی یا شیخ جراح محلے کے رہائشی افراد کو زبردستی ان کے گھروں سے نکال باہر کرنے کی کوشش کی تو یہ جنگ بندی ختم ہو جائے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل حماس کےایک اور اہم رہنماء موسیٰ ابومرزوق نے بھی اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھاکہ غزہ کی حالیہ جنگ میں فلسطینی مزاحمتکاروں نے نہ صرف اپنی طاقت کے کچھ حصے کا اظہار کیا ہے بلکہ اپنے راکٹ اور میزائل حملوں کے ذریعے صہیونیوں کی صفوں میں شدید وحشت اورخوف بھی پھیلا دیا اور انہیں بھاگ جانے پر مجبور کر دیا ہے۔