(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صدر عبدالفتاح السیسی نے فلسطین کوحالیہ واقعات کے باعث غزہ کی پٹی میں تعمیر نو کے لیے مصر کی طرف سے 500 ملین ڈالرپیش کرنے کا فیصلہ کیاہے۔
تفصیلات کے مطابق مصری ایوان صدارت کے ترجمان بسام راضی کی جانب سے سماجی رابظوں کی ویب سائٹ فیس بک پر پیغام میں کہا گیا ہے کہ صدر عبدالفتاح السیسی نے حالیہ واقعات کے باعث غزہ پٹی میں تعمیر نو کے لیے مصر کی طرف سے 500 ملین ڈالرپیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
واضح رہے کہ مصر کی جانب سے تعاون کا یہ اعلان مصری وزیر صحت ھالہ زاید کی جانب سے اس اعلان کے چند گھنٹے بعد کیا گیا جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ مصر نے زخمیوں کے علاج کے لیے 65 ٹن طبی امداد بھیج دی ہے۔
ھالہ زاید نے بیان میں کہا تھا کہ 14 ملین پونڈ مالیت کی امداد غزہ پٹی بھیجی گئی ہےجس میں آپریشن کے لوازمات، انٹرنل سیکشنز کو چلانے کے لیے درکار سامان، ایمرجنسی وارڈز، ایکسرے کے لوازمات، ٹوٹ پھوٹ کے علاج، چھوٹے بڑے آپریشنوں کے لیے آلات جراحت، مصنوعی تنفس کے آلات اورآکسیجن آلات سمیت مختلف قسم کی دوائیں بھی بھیجی گئی ہیں۔