(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غزہ پر اسرائیلی تازہ فضائی حملوں میں صحافی سمیت 5 فلسطینی شہید ہوگئے، جبکہ اب تک کی فلسطینیوں کی جوابی کارروائی سے 12 صہیونیوں کی ہلاکتوں کی اطلاع ہے۔
ذرائع کےمطابق آج علی الصبح مقبوضہ فلسطین میں غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں ایک مقامی صحافی سمیت مزید پانچ فلسطینی شہید کر دیے گئے۔
اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے صحافی کی شناخت یوسف ابوحسین کے نام سے ہوئی ہےجنہیں ان کے گھر پر نشانہ بنا یا گیا اور وہ حماس کے زیر انتظام غزہ میں قائم ریڈیو اسٹیشن ، الاقصیٰ ریڈیو میں کام کیا کر تے تھے جبکہ غزہ شہر میں ہی ایک اور اپارٹمنٹ پر اسرائیلی فضائی حملے میں چار دیگر فلسطینی شہید ہوئے جن میں ایک خاتون بھی ہیں۔
اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے شمالی غزہ شہر میں براہ راست گھروں کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں متعدد زخمی ہونے والے شہریوں کی اطلاعات ہیں اس کے ساتھ ہی عینی شاہدین اور سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ مغربی غزہ شہر کے الریمال محلے میں بھی گھروں پر صہیونی حملہ آوروں نے بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے توپ خانوں نے غزہ کی پٹی میں گذشتہ رات اور آج صبح رہائشی عمارتوں اور سڑکوں پر درجنوں بم برسائے۔
خیال رہے کہ آج صبح تک غزہ میں حالیہ اسرائیلی بمباری سے 219 فلسطینی شہید اور 1،530 زخمی ہوئے ہیں جبکہ اسرائیلی میڈیا رپورٹس اور سرکاری اعداد و شمار کے مطابق غزہ کی پٹی سے حماس کی جانب سے اب تک اسرائیل پر گذشتہ 10 دنوں میں فائر کیے گئے راکٹوں کے نتیجے میں صہیونی آباد کاروں سمیت 12فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔