(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کا بینہ کے اجلاس میں کابینہ نے صیہونی ریاستی دہشتگردی کے شکار مقبوضہ فلسطین میں طبی امدادی سامان بھجوانے کی منظوری دے دی ہے ، اجلاس میں فلسطین میں امدادی سامان بھجوانے کے ساتھ 14 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا اور ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ، اس دوران فلسطین کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے عالمی رہنماؤں سے ہونے والی گفتگو پر کابینہ کو بریف کیا۔
واضح رہے کہ مقبوضہ فلسطین میں ایک ہفتے سے زائد جاری صیہونی ریاستی دہشتگردی میں اب تک 220 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جس میں 63 بچے 36 خواتین اور 16 ضعیف العمر افراد شامل ہیں جبکہ صیہونی دہشتگری میں ڈیڑھ ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں جن میں 450 سے زائد بچے اور 295 خواتین شامل ہیں