(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطینی علاقوں میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے حوالے مشاورت کیلئے بلائے گئے عرب لیگ فارن منسٹرز کونسل کے ہنگامی اجلاس کے بعد جاری بیان میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل نے قابض صیہونی ریاست اسرائیل کی فلسطینیوں کو گھروں سے بے دخل کرنے کی کوششوں اور جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی فوج کے غیر قانونی اقدامات بین الاقوامی چارٹرز کی خلاف ورزی ہیں ،عالمی فوجداری عدالت اسرائیل کے جنگی جرائم کی تحقیقات کرے ،عدالت بے دخل فلسطینیوں اور فلسطینی علاقوں پر قبضے کی تحقیقات بھی کرے۔
شہزادہ فیصل نے کہا کہ ’مملکت اسرائیلی فوج کی جانب سے الاقصٰی مسجد میں دھاوا بولنے، نمازیوں کا تقدس مجروح کرنے اور فلسطینیوں پر حملوں کی مذمت کرتی ہے۔‘
سعودی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ’مملکت دو ٹوک انداز میں فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے نکالنے اور ان کی سرزمین پر اپنا اختیار نافذ کرنے کا اسرائیلی مسترد کرتی ہے۔‘
سعودی عرب ایسے کسی بھی یکطرفہ اقدام کی مذمت کرتا ہے جس کی وجہ سے بین الاقوامی قراردادوں کی خلاف ورزی ہو اور امن عمل کی بحالی کی راہ میں رکاوٹ پڑے۔