(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے مقبوضہ فلسطین میں شہریوں کی شہادت پر تشویش کا اظہار کرتےہوئے کہا ہے کہ عام شہریوں کی ہلاکت کا سلسلہ بند ہوناچاہیے۔
امریکی سیکریٹری اسٹیٹ انتھونی بلنکن نے قابض صیہونی ریاست کے وزیر خارجہ گابی اشکنازی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ فلسطین میں کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔
- اس موقع پر انتھونی بلنکن نے دونوں فریقن سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتےہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں عام شہریوں کی ہلاکت کا سلسلہ بند ہوناچاہیے، وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے ایک مرتبہ پھر امن و سلامتی کا پیغام دیا۔
واضح رہے کہ مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ پر صیہونی ریاست دہشتگردی کے نتیجےمیں اب تک 12 بچوں اور 3 خواتین سمیت شہید ہونے والوں کی تعداد 45 ہوگئی ہے جبکہ 250 سے زائد زخمی ہیں ۔
بیت المقدس میں اسرائیلی پولیس اور فلسطینی شہریوں میں تازہ جھڑپوں کی ابتدا اس وقت ہوئی تھی جب مشرقی بیت المقدس میں یہودی آبادکاروں کی جانب سے وہاں بسنے والے چند فلسطینی خاندانوں کو بےدخل کرنے کی کوشش کی گئی۔خطے میں اس حالیہ کشیدگی کے بعد عالمی برادری نے اسرائیل اور فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس دونوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور پُرامن رہنے کی اپیلیں کی ہیں۔