(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) او آئی سی نے اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی حملوں کو بنیادی انسانی حقوق اور اخلاقیات کے خلاف اقدام قراردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کی جانب سے فوری اجلاس طلب کیا گیا ہےجس میں او آئی سی نے عالمی برادری سے غزہ کے فلسطینی عوام کے تحفظ کے لئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے جہاں دو روز سے صہیونی فضائی حملےجاری ہیں، جن میں اب تک 20 سے زائد فلسطینی شہید کر دیے گئے ہیں جبکہ بیت المقدس میں مسجد اقصی میں اسرائیلی فوجی فلسطینیوں کو ظلم کا نشانہ بنارہے ہیں۔
اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی اجلاس میں اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کی گئی ہے اور اسرائیلی حملوں کو بنیادی انسانی حقوق اور اخلاقیات کے خلاف اقدام قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ قابض ریاست اسرائیل فلسطینی مظلوم شہریوں کو مختلف مقامات پر نشانہ بنا رہی ہے اور صہیونی فوج شیخ جرح میں کئی دہائیوں سے مقیم فلسطینیوں کو ان کی زمینوں سے بے دخل کر رہی ہے جس کے بعد ان 500 سے زائد فلسطینی گھرانوں کی جبری بے دخلی کا خطرہ ہے لہذا عالمی برادری فلسطینی عوام کےتحفظ کیلئےفوری کارروائی کرے۔
واضح رہے کہ او آئی سی اجلاس میں اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف مشترکہ بیان جاری کرنے کی یہ تجویز پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی تھی جس کے بعد پاکستان ہی کی تجویز پر ترکی اورسعودی عرب کی جنرل اسمبلی کے خصوصی اجلاس طلب کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے ۔