(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) سعودی وزارت خارجہ نے قبلہ اول میں نمازیوں پر اسرائیلی فورسز کے حملےاور فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرنے کے تل ابیب کے منصوبےکی مذمت کی ہے۔
العربیہ ذرائع ابلاغ کے مطابق فلسطینیوں پر ہونے والے صیہونی فوجیوں کے مظالم کے بعد آخرکارسعودی وزارت خارجہ کی جانب سے فلسطینیوں کی حمایت میں ایک بیان جاری کر دیاگیا جس کے مطابق سعودی عرب نے بیت المقدس میں صیہونی حکومت کے مظالم کے خلاف دیر سے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سعوی عرب فلسطینیوں کو بیت المقدس سے نکالنے کے خلاف ہےاور اسرائیل کے بیت المقدس میں فلسطینیوں کے گھر خالی کرانے اور وہاں اپنی حکومت مسلط کرنے کےمنصوبے کو قبول نہیںکرتا ہے۔
بیان میںکہا گیا ہےکہ سعودیہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے یکطرفہ اقدامات اور ہر اس کارروائی کی مذمت کرتا ہے جس سےامن عمل دوبارہ شروع کرنےمیں رکاوٹ پیدا ہو اور علاقے کا امن و سکون خطرے میں پڑ جائے۔
بیاں میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب فلسطینی عوام کے ساتھ ہے اور مسئلہ فلسطین کے مسئلے کے منصفانہ حل تک پہنچنےکی سبھی کوششوںکی حمایت کرتا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام کے تیسرے مقدس ترین مقام اور مشرقی بیت المقدس کے اطراف میں ہونے والی جھڑپ میں متعدد فلسطینی اب تک زخمی ہوچکے ہیں۔