(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قطر کےسابق وزیر اعظم نے کہا کہ صدر محمود عباس کے انتخابات کے ملتوی کر نے کےاس فیصلے سے فلسطینی دوبارہ صفر پر کھڑے کر دیے گئے ہیں۔
قطری ذرائع ابلاغ کے مطابق قطر کے سابق وزیر اعظم شیخ حمد بن جاسم نے فلسطینی انتخابات کے التوا کے باعث فلسطینی صدر محمود عباس سے پرامن طور پر اقتدار کی منتقلی کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے اسرائیلی ہتھکنڈوں کے آگے گھٹنے ٹیکنےاور فلسطینی انتخابات ملتوی کرنے کے صدر محمود عباس کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئےکہا کہ اس فیصلے سے فلسطینی دوبارہ صفر پر کھڑے کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا، اگرچہ فلسطین کے صدر محمود عباس کو انتخابات ملتوی کرنے کی ترغیب دینے والی وجوہات ہمارے سامنے واضح ہیں ،تاہم موجودہ حالات میں صدر کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس صورت حال میں ڈٹ جائیں یا پھر پر امن جمہوری انداز میں اقتدار کو اہل قیادت کے ہاتھوں میں منتقل کردیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی قوم کو اگلے مرحلے میں ایک نوجوان قیادت کی ضرورت ہے جو فلسطینی عوام کو تمام شعبوں اور ہر حالات میں حفاظت کی طرف لے جاسکے۔