(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) الشیخ عکرمہ صبری کا کہنا ہے کہ قابض صیہونی ریاست کی فلسطینیوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں اضافہ ہورہا ہے جیسےجیسےصہیونی ریاست کے غرور میں اضافہ ہوتا ہے ایسے ایسے بیت المقدس کے باشندوں کی ثابت قدمی بڑھتی ہے۔
مسجد اقصیٰ کے امام وخطیب اور ممتاز عالم دین الشیخ عکرمہ صبری نے صیہونی ریاست کی جانب سے فلسطینی روزہ داروں اور عبادت گزاروں کے قبلہ اول میں داخلے پر عائد پابندی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض صیہونی ریاست کی طرف سے بیت المقدس میں فلسطینی نمازیوں اور روزہ داروں پر مسجد اقصٰی میں داخلے پرپابندیاں ناقابل قبول ہیں، اگر فلسیطینیوں پر صیہونی ریاستی جبر برقرار رہا تو حالات آتش فشاں بن کر پھٹ سکتے ہیںاور اس کی تمام ترذمہ داری قابض ریاست پرعائد ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ صیہونی ریاستی دہشتگردی کے باوجود بیت المقدس کے فلسطینیوں کے حوصلے پست کرنے کی تمام سازشںیں ناکام رہیں گی، بیت المقدس کے فلسطینیوں کو ماہ صیام کے موقعے پر مسجد اقصیٰ میں داخلے اور عبادت سے روکنا، نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنانا اور انہیں گرفتار کرنا فلسطینیوں کی مذہبی آزادیاں سلب کیےجانے کا واضح ثبوت ہے۔