(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) 29 سالہ فلسطینی نوجوان بغیر کسی جرم کے اسرائیل کی غیر قانونی حراستی پالیسی کے تحت گذشتہ آٹھ ماہ سے صیہونی عقوبت خانوں میں قید تھا۔
فلسطینی قیدیوں کی تفصیلات فراہم کرنےو الے ادارے کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق قابض صیہونی فوجیوں نے غرب ارن کے وسطی شہر رام اللہ کے نواحی علاقے برزیت سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ فلسطینی صحافی مصعب سعدکو آٹھ ماہ قبل بغیر کسی جرم کے انتظامی حراست کی غیر قانونی پالیسی کے تحت گذشتہ برس اگست میں حراست میں لینے کے بعد چار ماہ کے لیے انتظامی قید میں ڈال دیا تھا جس کے بعد اس کی مدت حراست میں مزید چار ماہ کی توسیع کردی گئی تھی۔
فلسطینی صحافی مصعب سعددکو آٹھ ماہ تک مختلف صیہونی جیلوں میں قید رکھنے کے بعد گذشتہ روز رہا کردیا گیا، اس موقع پر صحافی سعد کے گھر پر اس کے استقبال کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد جمع تھی، انہوں نے اسلامی تحریک ‘حماس’ کے پرچم بھی اٹھا رکھے تھے۔
اس موقعے پر حماس کے ترانے بھی گائے گئے،صحافی مصعب سعدکو رہائی کے بعد ایک چوکی سے برزیت تک ایک قافلے کے ساتھ لایا گیا۔
واضح رہے کہ صہیونی جیل حکام کی جانب سے فلسطینی قیدیوں کے اہل خانہ پر قیدی کی رہائی کی خوشیاں منانے پر پابندی عائد کر گئی ہے تاہم بہادر اور نڈر فلسطینی اسرائیلی مظالم کا مقابلہ کرنے کے لیے ہر لمحہ تیار رہتے ہیں اور صہیونی جیلوں سے رہائی پانے پر اپنے پیاروں کا بے خوفی کے ساتھ استقبال کر تے ہیں۔