(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطینی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مہلک وائرس سے مزید 16 افرادجاں بحق اور 1،870 نئے مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے۔
مقبوضہ بیت المقدس کے شہر رام اللہ میں اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں کو عالمی وبا کورونا وائرس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے وزیر صحت می الکیلہ نے بتایا ہے کہ ملک میں مخصوص علاقوں میں لاک ڈاؤن اور دیگر احتیاطی تدابیر کے باجود کورونا وائرس کی صورتحال کنٹرول میں نہیں آرہی ہے ، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں میں مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے جبکہ 1،870 نئے مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ کورونا سے ہلاک ہونے والوں میں 10 کا تعلق مغربی کنارے سے ہے جبکہ چھ کا تعلق غزہ سے ہے ، انھوں نے بتایا کہ ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 9.1 فیصد ہے ، وائرس سے متاثر ہونے کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی شرح 89.8 فیصد ہے جبکہ وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی شرح 1.1 فیصد ہے۔