(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے شاہی فرمان کے ذریعے سفارت کار خالد یوسف الجلاہمہ کو اسرائیل میں بحرین کے پہلے سفیر کے طور پر تعیناتی کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز بحرینی وزارت خارجہ کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ کے شاہی فرمان کے ذریعے سفارت کار خالد یوسف الجلاہمہ کو اسرائیل میں بحرین کے پہلے سفیر کے طور پر تعیناتی کی توثیق کردی ہے ۔
بیان کے مطابق صہیونی وزیر خارجہ کی جانب سے بھی اس اقدام کا خیر مقدم کیا گیا ہے اور اُمید ظاہر کی گئی ہے کہ بحرینی سفیر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کے لئے مثبت کردار ادا کریں گے۔
خیال رہے کہ بحرین کی جانب سے صہیونی ریاست سے سفارتی تعلقات استوار کر نے کے لیے گزشتہ برس وائٹ ہاؤس میں تقریب منعقد ہوئی تھی جس میں اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا گیا تھا۔