(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ سے اسرائیل میں راکٹ حملے کے بعد مزاحمت کاروں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایاگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قابض صیہونی فضائیہ نے آج صبح مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ میں دیر البلح کے مقام پر مزاحمتی تنظیم کے ایک کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایاتاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔
قابض صیہونی فوج کی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ روز غزہ سے متصل اسرائیلی شہر عسقلان میں بئر سبع کے مقام پر صیہونی وزیراعظم کی موجودگی کے دوران غزہ سے ایک راکٹ داغا گیا تھا جس کے باعث نیتن یاھو کو فوری طورپر حفاظتی شیلٹر میں منتقل کیا گیا تھا ، ترجمان نے بتایا کے حملے کے ردعمل میں غزہ میں مزاحمت کاروں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ میں اسلحہ سازی کی فیکٹری اور ایک عسکری مرکز کو بمباری سے تباہ کیا گیا ہے۔