(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنےو الے ہزاروں صیہونی آبادکاروں نے گذشتہ روز ایک بار پھر صیہونی وزیراعظم نیتن یاھو کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور نتین یاھو سے فوری طورپر مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق صیہونی ریاست اسرائیل میں انتخابات کے دن قریب آتے جارہے ہیں اور اس کے ساتھ ہی صیہونی وزیراعظم نیتن یاھو کے خلاف عوامی سطح پر غصے میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے گذشتہ روز20 ہزار سے زائد غیر قانونی صیہونی آبادکاروں نے مقبوضہ بیت المقدس میں صیہونی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو کی قیام گاہ کے باہر بڑا مظاہرہ کرتے ہوئےوزارت عظمیٰ کے منصب سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا، مظاہرین نے ہاتھوں میں اسرائیلی پرچم اور نیتن یاھو کے خلاف نعروں کے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔
واضح رہے کہ دو سال کے دوران میں یہ اسرائیلی پارلمنٹ (کنیسٹ)کے لیے ہونے والے چوتھےانتخابات ہیں، سروے میں توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ نیتن یاھو کی مقبولیت میں تیزی سے کمی ہوئی ہے اس طرح ان کی جماعت "لیکود”پارٹی اکیلے حکومت بنانےمیں کامیاب نہیں ہوسکے گی۔
یاد رہے کہ حالیہ نیتن یاھو کے خلاف ہونےو الا یہ احتجاج گذشتہ کئی ماہ سے جاری احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں میں سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ تھا جس میں تقریبا 20 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی تھی۔