(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ابوظہبی سیکیورٹیز ایکسچینج نے تل ابیب اسٹاک ایکسچینج کے ساتھ دونوں مارکیٹوں کے مابین تعاون بڑھانے کے لیےمفاہمت کی یادداشت پر دستخط کردیئے ہیں یہ معاہدہ صیہونی ریاست کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے معاہدے کا حصہ ہے۔
متحدہ عرب امارات کے ذرائع ابلاغ کے مطابق امارات کےدارالحکومت ابو ظہبی کے سیکیورٹیز ایکسچینج نے صیہونی ریاست کے تل ابیب اسٹاک ایکسچینج کے ساتھ مالیاتی شعبوں میں تعاون کیلئے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ مالیاتی شعبے میں تعاون کریں گے اس معاہدے سے معاشی نمو کو تیز کرنے اور تکنیکی جدت طرازی کی مدد سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی راہ کا نقشہ وضع کیا گیاہے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے گذشتہ سال 15 ستمبر کو امریکا کی ثالثی سے وائٹ ہاؤس میں فلسطین پر قابض صیہونی ریاست اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کئے تھے اور مختلف شعبوں مں تجارتی معاہدوں کا اعلان کیا تھا۔