(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض فوج نے بے گناہ فلسطینی بچوں اور خواتین کو تلاشی کے نام پر گھروں سے نکال کر ہراساں کیا جبکہ نوجوانوں کو فوجی گاڑیوں میں ڈال کر نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ فلسطین میں ضلع نابلس کے قصبے بیت دجن میں صہیونی فوج نے علاقے کا محاصرہ کیا اورعلاقے سے باہر نکلنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی کی بلا جواز کارروائی میں فلسطینی باشندوں پر بد ترین تشددکیا۔
عینی شاہدین کے مطابق غاصب صہیونی فوجی گاڑیوں نے علاقے میں گشت کےدوران کالعدم تنظیم کے کارکنان کی تلاش کا بہانہ بنایا اور پورے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے آنے جانے والوں کو روک کر تلاشی کے بہانے تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ خواتین اور بچوں سمیت معمر افراد کو گھروں سے نکال کرکئی گھنٹے تک ہراساں کیاجس کے نتیجے میں نوجوانوں اور فوج کے مابین جھڑپیں شروع ہوگئیں جس کے باعث قابض فوج نے بڑے پیمانے پر نوجوانوں کوتشدد کا نشانہ بنایا اور فوجی گاڑیوں میں ڈال کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
واضح رہے کہ صہیونی فوج کا فلسطینی علاقے میں محاصرہ کم سے کم چھ گھنٹوں تک جاری رہا جس میں قابض فوج نے خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد کو کھلم کھلاوحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔