(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیلی میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیل نے شامی حکومت کو کورونا وائرس کی ویکسین فراہم کرنے کے لیے روس کو 12 لاکھ ڈالر ادا کردیے۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیل شام کوکورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کررہا ہےجس میں روسی دارالحکومت ماسکو کی جانب سے کیے گئے خفیہ معاہدے میں12 لاکھ ڈالر ادا کرتے ہوئے کورونا ویکسین کی فراہمی کی دونوں ممالک کے درمیان تجارت سے متعلق شرائط طے پائی ہیں جو کہ دونوں ممالک کی عوام کے سامنے نہیں لائی گئی ہیں۔
اس حوالے سے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو پر تنقید کی جارہی ہے اور لیبر پارٹی کی رہنما میراف مائیکل نے اسرائیل کی خارجہ امور اور دفاعی کمیٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاہدے اور نیتن یاہو کے سینسرشپ کے سیاسی اور نامناسب استعمال پر تبادلہ خیال کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ کیوں اسرائیلی شہریوں کو ہمیشہ غیر ملکی میڈیا سے ایسی چیزوں کے بارے میں جاننے کو ملتا ہے جو ان کے وزیر اعظم ان سے چھپاتے ہیں۔ واضح رہے کہ اسرائیل شام کو ویکسین فراہم کررہا ہے جو اس کے دشمن ملک ایرانی افواج کی میزبانی کر رہا ہےاور جس کی وجہ سے اسرائیلی وزیر اعظم پرشدید تنقید کی جارہی ہے۔