(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )گذشتہ دوماہ کے دوران صیہونی فوجی حکام نے چھ رہائشی مکانات سمیت فلسطینیوں کی 37 املاک کو غیر قانونی قراردیتے ہوئے مسمار کردیا جبکہ 34 کے مسماری کے احکامات جاری کئےگئے ہیں۔
گذشتہ روز القدس اسٹڈی سنٹر کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جنوری 2021سے اب تک صرف دو ماہ کے دوران قابض صیہونی فوجی حکام نے نہتے فلسطینیوں کے خلاف مجرمانہ نسل پرستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے رہائشی مکانات، دوکانیں، مویشوں کے باڑے اور پانی کے کنوؤں سمیت کم سے کم 37 املاک کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسمار کردیا ہے۔
رپورٹ میںکہا گیا ہے کہ صیہونی حکام فلسطینیوں کے خلاف نسل پرستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کی اراضی غصب کرنے، مکانات مسمار کرنے اور املاک کی مسماری کے نوٹسز جاری کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں غرب اردن اور القدس میں فلسطینی املاک مسماری کے ساتھ ساتھ یہودی آبادکاروں کے لیے ہزاروں گھروں کی تعمیرات کی منظوری دی ساتھ ہی سڑکوں کے قیام کے لیے فلسطینی اراضی پر غاصبانہ قبضے کیئے جارہے ہیں۔