(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مسلح غیر قانونی صیہونی آبادکاروں کے گروہ نے فلسطینی آبادی پر حملے کئے، گھروں اور گاڑیوں کے شیشے توڑڈالے، دروازوں اور گھروں پر اسلام مخالف اشتعال انگیز نعرے درج کئے۔
مقامی ذرائع سے حاصل معلومات کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ فلسطین کے مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں غیر قانونی صیہو نی بستی حومش کےقریب غیر قانونی مسلح صیہونی آبادکاروں کے گروہ نے فلسطینی بستی پر حملہ کردیا، شرپسند صیہونی آبادکاروں نے فلسطینیوں کے گھروں اور گاڑیوں کے شیشے توڑڈالے جبکہ درودیوار پر اسلام، عرب مخالف اشتعال انگیز نعرے درج کئے، جس کے نتیجے میں فلسطینی نوجوانوں نے شرپسند مسلح صیہونی آبادکاروں پر جوابی سنگ باری کی، جھڑپ میں 47 سالہ سھام طہ عبدالسلام اور 45 سالہ شوعق البرلاوی نامی 2 خواتین سمیت 11 فلسطینیوں جبکہ 4 آبادکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔