(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض فوج نے مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں غیر قانونی کارروائیاں کرتےہوئے متعدد فلسطینیوں کو گرفتارکرکے تشددد کانشانہ بنایا اور انھیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق قابض صیہونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے العیسویہ سے تعلق رکھنے والے دو فلسطینیوں محمد منذر عطیہ اور محمد احمد عطیہ کو نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے مسجد اقصیٰ آتے ہوئے گرفتارکیا ۔
دوسری جانب مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی باشندوں نے صیہونی فوجیوں کی جانب سے فلسطینیوں کے گھروں میں لوٹ مار اور مکینوں کو تشدد کے نشانہ بنانے کے ساتھ دیگر مجرمانہ اقدامات کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ، قابض صیہونی فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا بے دریغ استعمال کرتےہوئے آنسو گیس کی شیلنگ کی جس سے درجنوں مظاہرین کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ، بعدازاں قابض فوج نے گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کیا اور کم سے کم 35 فلسطینیوں کو گرفتارکیا ۔
صیہونی فوجیوں نے بیت المقدس میں باب العامود کے مقام پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران دو فلسطینی نوجوانوں کو حراست میں لے لیا، شمال مغربی بیت المقدس میں النبی الصمویل کے مقام سے دو فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کیا، ایک مقامی فوجی چوکی کے قریب سے لیث برکات اور احمد برکات نامی دو حقیقی بھائیوں کو گرفتارکرکے ‘عطروت’ حراستی مرکز منتقل کیا گیا ۔