(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ہائیکورٹ نے سفارتی استثنیٰ پر فلسطینی سفیر کے خلاف کسٹم ڈپارٹمنٹ کی کارروائی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں فلسطینی سفیر احمد جواد ربیئی کے وکیل کی جانب سے درخواست دایر کی گئی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایف بی آر نےان کی گاڑی کی فروخت سے متعلق 4 اگست کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا، جبکہ سفارتی عملے کو ویانا کنونشن کے تحت خصوصی استثنی حاصل ہے اور کسٹم ڈپارٹمنٹ کا یہ نوٹس سفارتی استثنیٰ کی خلاف ورزی ہےجس کے تحت عدالت حکم دے کہ مجھے اور میری پراپرٹی کو ویانا کنونشن کے تحت سیکرٹری خارجہ کی رائے کے بغیر کی جانے والی کسٹم ڈپارٹمنٹ کی کارروائی کو غیرقانونی قرار دیا جائے۔
فلسطیفی سفیرکے وکیل کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہرمن اللہ نے فلسطینی سفیر کی گاڑی ضبط کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ کسی سفیر کے خلاف کارروائی سے قبل وزارت خارجہ کو مطلع کرنا ضروری ہے لیکن کسٹم ڈپارٹمنٹ نے فلسطینی سفیر کے خلاف کارروائی سے قبل وزارت خارجہ کو مطلع نہیں کیا تھا۔
واضح ر ہےکہ فلسطینی سفیر احمد جواد ربیئی نے وکیل کے ذریعے عدالت سے رجوع کیا تھاجس کے بعد عدالتی حکم امتناع کے بعد فلسطینی سفیر کو گاڑی واپس کردی گئی تھی اور اب کارروائی بھی کالعدم قرار دے دی گئی۔