(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی آباد کاروں کو قابض فوج کی مکمل سرپرستی حاصل ہے جس کے بعد وہ آئے دن جہاں چاہتے ہیں فلسطینی عوام کے لیے مشکلات کھڑی کر تے رہتے ہیں۔
یہودی شرپسندوں کی بڑی تعداد نے کل سوموار کے روز غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میںحوارہ کے مقام پر فلسطینیوں کی گاڑیوں پر سنگ باری کی جس کے نتیجے میں کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
تفصیلات ہیں کہ گذشتہ روز شمالی غرب اردن میں یہودی آباد کاری امور کے تجزیہ نگار غسان دغلس کی جانب سے بیا ن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں حوارہ کے مقام پریتسھار نامی یہودی کالونی سے بڑی تعداد میں آ نے والے مذہبی جنونی آباد کاروں نے فلسطینی باشندوں کی گاڑیوں پرشدید سنگ باری کی جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوئے اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا یا گیا۔
یہ بھی اہم ہے کہ نابلس، قلقیلیہ چوک سے گزرنے والی فلسطینی گاڑیاں صہیونی آباد کاروں کے منظم منصوبے کے تحت شناخت کے بعد پتھراؤ کا نشانہ بنائی گئیں۔
یادر ہےکہ نابلس میں13 بڑی اور 55 چھوٹی یہودی کالونی قائم کی گئی ہیں جن میں فلسطینی اراضی کا 10 ہزار 393 دونم علاقہ غصب کیا گیا ہے۔ صہیونی فوج نے نابلس میں80 مقامات کو ممنوعہ علاقے قرار دے کر وہاں پر فلسطینیوں کا داخلہ بند کررکھا ہے۔