(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ امیر قطر کی غزہ کے محصورین کے لیے امداد کا اعلان اس بات کا ثبوت ہے کہ قطری حکومت فلسطینی قوم کے حوالے سے اپنے اصولی اور دیرینہ موقف پر قائم ہے۔
مقبوضہ فلسطین میں صیہونی ریاستی دہشتگردی اور مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے اپنے جاری بیان میں امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی جانب سے غزہ کے محصورین کے لیے 30 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی امداد پر اظہار تشکر کرتےہوئے کہا ہے کہ امداد غزہ کے عوام کی مشکلات کم کرنے کے حوالے سے قطر کے دیرینہ موقف کے دوام اور تسلسل کے ساتھ ساتھ فلسطینی اور قطری اقوام کے درمیان محبت کے گہرے رشتے کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ خلیجی ملک قطر مقبوضہ فلسطین کیلئے سب سے زیادہ مالی امداد دینے والا ملک ہے ، قطر ہر ماہ مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ کے رہائیشوں کیلئے لاکھوں ڈالر نقد امداد تقسیم کرتا ہے جس سے غزہ کے بیس لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوتے ہیں جبکہ طبی ضروریات کیلئے بھی غزہ کوسب سے زیادہ امداد دینے والا ملک ہے ۔