(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )فلسطین میں انتخابات سے فلسطینی دھڑوں میں مصالحت، سیاسی نظام کی تشکیل اور سب سے بڑھ کر قابض دشمن کے خلاف فلسطینیوں کی تحریک آزادی اور قضیہ فلسطین کے منصفانہ حل کی راہ ہموار ہوگی۔
اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے رکن حسام بدران نے فلسطین کے سرکاری چینل الاقصیٰ ٹی وی سے فلسطین میں ہونےوالے انتخابات اور اس حوالے سے مصالحت پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا ہے کہ حماس مصر کی ثالثی میں فلسطینی دھڑوں کے درمیان مصالحتی بات چیت کے لیے تیار ہے ہم کھلے دل کے ساتھ قاہرہ جائیں گے اور قومی کاز اور فلسطینی نصب العین کے لیے مفاہمتی مذاکرات میں حصہ لیں گے۔
انھوں نے بتایا کہ قاہرہ میں ہونے والے مذاکرات میں فلسطینی قوتوں میں دیر پا مفاہمت، فلسطین میں سیاسی نظام اور اوسلو معاہدے کی ناکامیوں پر بات چیت ہوگی جبکہ مذاکرات سے فلسطین میں انتخابات فلسطینی دھڑوں میں مصالحت، وحدت، ایک سیاسی نظام کی تشکیل اور سب سے بڑھ کر قابض دشمن کے خلاف فلسطینیوں کی تحریک آزادی اور قضیہ فلسطین کے منصفانہ حل کی راہ ہموار ہوگی۔