(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )صیہونی ریاست اسرائیل اور کوسوو کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے معاہدے پر دستخط مقبوضہ بیت المقدس اور کوسوو کے دارالحکومت پریسٹینا میں کئے گئے جو کہ ویڈیو لنک کے ذریعے دونوں فریقین نے ملاحظہ کیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یورپ کے چھوٹے سے مسلم اکثریتی ملک کوسوو نے فلسطین پر قابض صیہونی ریاست کو باضابطہ طورپر ملک تسلیم کرتےہوئے اس کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام کیلئے معاہدہ ابراہیم پر دستخط کردیئے ہیں، صیہونی ریاست نے گذشتہ سال سابق امریکی صدر ٹرمپ کی ثالثی کے نتیجے میں چارعرب ممالک متحدہ عرب امارات ، بحرین ، مراکش ، اور سوڈان کے ساتھ امن معاہدے طے کیے تھے اور ان کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے تھےجس کے بعد اب کوسوو کے ساتھ سفارتی تعلقات کا قیام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
صیہونی ریاست کے وزیرخارجہ گابی اشکنازی اور کوسوو کی وزیرخارجہ ملیزا حرادیناج اسٹیبلا نے مشترکہ اعلامیے پر بیک وقت اپنے اپنے دفتر سے دستخط کیے ہیں۔
اس موقع پر گابی اشکنازی نے کہا کہ انھوں نے کوسوو کی یروشلیم میں سفارت خانہ کھولنے کی باضابطہ درخواست کی منظوری دے دی ہے۔
واضح رہے کہ ان تمام امن معاہدوں کو مجموعی طور پر معاہدہ ابراہیمی کا نام دیا گیا ہے۔