(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثرین میں روز بروز اضافے سے تشویش ناک صورت حال پیدا ہوگئی ہے جس کے باعث فلسطینی وزارت صحت کی جانب سےحفاظتی اقدامات پر سختی سےعمل درآمدکے ساتھ جمعہ اور ہفتہ کو کرفیو جاری رہے گا۔
ذرائع کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں غزہ کی پٹی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے سے صورت حال بگڑتی جارہی ہے جس کے باعث غزہ کی وزارت صحت کی جانب سےحفاظتی تدابیر پرسختی سے عمل در آمد کرایا جارہا ہے ۔
جمعہ اور ہفتہ کو مکمل کرفیو نافز رہے گا جس کے باعث دکانوں ، بازاروں اور اداروں کی مکمل بندش ہوگی ساتھ ہی گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی برقرار رہے گی جبکہ روز مرہ کی اشیاءکے حصول کے لیے بیکریوں اور طبی ضروریات کی دستیابی کے لیے دواخانوں کو ان دو دنوں میں مختصر مدت کے لیے کھولنے کے احکامات پر سختی سے عمل کرایا جارہا ہےتاکہ وبا کے پھیلاؤ میں کمی واقع ہوسکےتاہم غزہ میں کورونا سے بگڑتی صورت حال کو قابو میں لانے کے لیے بڑے پیمانے پر کورونا وائرس کے بچاؤ کی ویکسین کی عوام تک پہنچ کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
یادرہے کہ غزہ پٹی کا اسرائیل نے 2007ء سے بری اور بحری محاصرہ کررکھا ہے اور یہ فلسطینی علاقہ باقی دنیا سے بالکل کٹا ہوا ہےجبکہ اس کی آبادی 20 لاکھ نفوس کے لگ بھگ ہےجس کے بعد اب ماہرین اس خدشے کا اظہار کررہے ہیں کہ دنیا کی اس سب سے بڑی کھلی جیل میں کورونا کے کیسوں کی تعداد میں مزید اضافہ تباہ کن ہوسکتا ہے۔