(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اردن کی وزارت خارجہ اور فلسطینی تارکین وطن سمیت جمہوریت پسند تنظیموں نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ پر صہیونی حملےاور مسجد کے تقدس کی خلاف ورزیوں کو روکیں۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز اردن کی وزارت خارجہ کی جانب سےصہیونی غاصب ریاست میں قابض فوج کی سرپرستی میں مسلمانوں کے قبلہ اول کی مسلسل بے حرمتی پر ایک مرتبہ پھرشدید الفاظ میں مزمت کی گئی ہے جبکہ اردنی جمہوریت پسند سماجی تنظیموں سمیت تارکین وطن فلسطینیوں نے اسرائیل مخالف احتجاجی ریلی نکالی۔
اردنی وزارت خارجہ نے قبلہ اول اور حرم قدسی میں اسرائیلی اشتعال انگیز سرگرمیوں پر صہیونی ریاست سے باضابطہ احتجاج کیا اور کہا کہ اسرائیلی کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں اشتعال انگیز سرگرمیاں ناقابل قبول ہیں اور ان کے نتیجے میں خطے میں تشدد کی ایک نئی لہر اٹھ سکتی ہے جبکہ ریلی میں شریک سینکڑوں افراد نے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے اشتعال انگیز اقدامات اور صہیونی فوج اور یہودی آباد کاروں کے قبلہ اول پردھاووں کی فوری روک تھام کا مطالبہ کیا ۔
خیال رہے کہ مقبوضہ فلسطین میں مسجد اقصی پر صہیونی آباد کاروں کے حملے روزانہ کا معمول بن چکے ہیں جوکہ مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیزی کی بھر پور سازش ہے۔