(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) پاکستان کے شہر لاہور میں غاصب صہیونی ریاست اسرائیل سے بھیجی گئی رقوم کی وصولی کا انکشاف ہوا ہے۔ روزنامہ قدس نیوز ایجنسی کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطین پر قابض غاصب صہیونی ریاست اسرائیل سے پاکستان کے شہر لاہور میں رہنے والے پاکستانی شہریوں کو رقوم کی منتقلی کی گئی ہے۔
ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق لاہور کے پانچ شہریوں کو اسرائیل سے براہ راست رقم منتقل ہوئی ہے۔ رقم کی منتقلی ویسٹرن یونین سروس کے ذریعہ کی گئی ہے۔ رقم وصول کرنے والے پاکستانی شہریوں نے اسرائیل سے منتقل کی گئی رقم محکمہ ڈاک کے دفاتر میں موجود ویسٹرن یونین کی سروس سے وصول کی ہیں۔دوسری جانب حکومتی ذرائع کاکہنا ہے کہ اسرائیل سے پاکستان براہ راست رقم منتقلی کے معاملہ کو سنجیدگی سے دیکھا جا رہاہے اور حکومت پاکستان نے محکمہ ڈاک سمیت تمام اداروں کوایک مراسلہ جاری کیا ہے تا کہ مستقبل میں اسرائیل سے مزید رقم کی منتقلی کے معاملہ کو روکا جائے۔
یہ بات یاد رہے کہ پاکستان اپنے قیام سے ہی فلسطین کے ساتھ ہے اور اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا بلکہ اسرائیل کو وجود کو فلسطین پر غاصبانہ تصور کرتا ہے۔حالیہ دنوں پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بحث شروع کی گئی تھی تاہم اسی دوران لاہور میں اسرائیل سے منتقل ہونے والی رقم نے حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھا دئیے ہیں۔دوسری جانب رقم وصول کرنے والے پانچ پاکستانی شہریوں کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔