(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض صیہونی ریاست فلسطینیوں کے خلاف ہر طرح کے غیر قانونی اور غیر انسانی ہتھکنڈوں کا آزادانہ استعمال کررہی ہے، قابض فوج نے فلسطینی بچوں کو تعلیم سے محروم رکھنے کیلئے پرائمری اسکول کو مسمار کردیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق آج صیہونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے شہر جنین کے علاقے عانین میں قائم پرائمری اسکول کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسمار کردیا ۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ قابض فوج نے اسکول انتظامیہ کو آگاہ کرتےہوئے ایک ہفتے کا وقت دیا تھا لیکن دی گئی مہلت سے چار روز قبل ہی قابض فوج نے بغیر کسی اطلاع کے اچانک اسکول پر دھاوا بولا اور اسکول کو مسمارکردیا اور فلسطینی بچوں کو تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے سے محروم کردیا ۔
واضح رہے کہ صیہونی فوج جہاں فلسطینیوں کو ذہنی اور جسمانی ایذا رسانیوں کا کوئی موقع ضائع نہیں کرتی وہیں فلسطین کی نئی نسل کو ذہنی غلام بنانے کیلئے تعلیمی اداروں اور تعلیمی سرگرمیوں سے دور کرنے کیلئے ہر طرح کے ہتھکنڈوں کا آزادانہ استعمال کررہے ہیں ۔