(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض ریاست میں صہیونی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور جنگی جرم ہونے کے باوجود مظلوم قیدیوں کے ساتھ قابض ریاست کی جیلوں میں انتقامی کارروائیاں عروج پر ہیں۔
مقبوضہ فلسطین میں قیدیوں کی تفصیلات فراہم کرنے والے ادارے کلب برائے اسیران کے مطابق گذشتہ روزصہیونی غیر قانونی جیلوں میں نظر بند کورونا وائرس سے متاثرہ فلسطینیوں میں سے1قیدی باسل عجاج کی حالت بگڑ گئی جس کے باعث اسیر کو سانس لینے میں تکلیف کی شکایت پیش آئی تاہم صہیونی جیل انتظامیہ کی جانب سے جاری فلسطینی اسیروں کے ساتھ غیر انسانی سلوک اور علاج میں مجرمانہ غفلت برتتے ہوئے کئی گھنٹوں بعدقیدی کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔
قیدی کلب کےمطابق ہسپتال منتقلی کے بعدفلسطینی قیدی باسل عجاج کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اسرائیلی داخلی سلامتی کے وزیر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ صہیونی جیلوں میں قید فلسطینیوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین فراہم نہیں کی جائے گی جس سے ان جیلوں میں فلسطینی قیدیوں کے ساتھ روا رکھے جانےوالے غیر انسانی سلوک کی عکاسی ہوتی ہے۔