(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )مقبوضہ بیت المقدس میں غاصب فوج نے حزما قصبے میں جھڑپوں کے بعد ناکہ بندی کردی ہے جس کے باعث قصبے میں رہنے والے فلسطینی شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں اور گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
مصدقہ اطلاعات کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مشرق میں واقع حزما قصبے میں صہیونی فوج اور فلسطینی عوام کے درمیان جھڑپیں شروع ہوئیں جس کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ کئی گھنٹے جاری رہنے کے بعد شہر کی ناکہ بندی کردی گئی تاہم بڑے پیمانے پر فلسطینی نوجوانوں کو صہیونی فوج کی جانب سےفائر کی گئی ربر کی گولیوں کا نشانہ بنایاگیا اور جوابی کارروائی کے نتیجے میں فلسطینی باشندوں کی جانب سے بھی گھریلو ساخت کے پیٹرول بموں کا استعمال کیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق صہیونی فوج نے حزما قصبے کو تمام اطراف سے گھیرے میں لےکرمحاصرہ کر رکھا ہےجس کے باعث قصبے کے شہریوں کو باہر جانے یا باہر سے اندر آنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔