(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی وزیر نے اعلان کیا تھا کہ اسرائیل صرف اسرائیلی شہریوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کرے گا۔
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم’ایمنسٹی انٹرنیشنل’ نے قابض صیہونی ریاست کے وزیر برائے داخلی امور امیر وہان کے بیان پر تحفظات کا اظہا رکرتے ہوئے
اسرائیلی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی شہریوں کو بھی کرونا سے بچاؤ کی ویکسین کی فراہمی کی ذمہ داری قبول کرے۔
عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ ایک قابض ریاست کی حیثیت سے فلسطین کے علاقوں غزہ ، غرب اردن اور دوسرے علاقوں میں فلسطینیوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کرنے کا ذمہ دار ہے، اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کے تحت یہ پابندی قبول کرنا ہوگی۔
ایمنسٹی کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے اسرائیل سے کرونا ویکسین فراہم کرنے کی درخواست نہیں کی گئی ہے مگر عالمی قانون کے تحت اسرائیل فلسطینیوں کو کرونا ویکسین فراہم کرنے کا ذمہ دار ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ دنوں میں قابض صیہونی ریاست کے وزیر برائے داخلی امور امیر وہان نے اپنے بیا ن میں کہا تھا صیہونی زندانوںمیں تعینات جیلرز اور دیگر عملے کو فوری طورپر کورونا وائرس کی ویکسین فراہم کرنے کی ہدایت کی ہیں تاہم فلسطینی قیدیوں کو اس سے محروم رکھا جائے گا۔