(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) موریطانیہ کی تین سیاسی جماعتوں نے مشترکہ بیان میں کہا ہےکہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنا صرف جرم نہیں ہے بلکہ روزانہ کی بنیاد پر نہتے فلسطینیوں کے ساتھ ہونے والے مظالم کی حمایت ہے۔
ماریطانیائی پارلیمنٹ میں تین اپوزیشن کی جماعتیں یونین دیس فورسس ڈو پروگریس (یو ایف پی) ، الائنس پاپولیر پروگریسائٹ (اے پی پی) ، اور کالیشن فار ڈیموکریسی اینڈ جسٹس (سی ڈی جے) نے قابض صیہونی ریاست اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کو سنگین جرم قرار دیتے ہوئے دیگر جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کے خلاف تعلقات کو معمول پر لانے کے اقدامات کو سنگین جرم قرار دینے کے قانون کی تیاری میں مدد کریں ۔
واضح رہے کہ موریطانیہ کے سابق صدر محمد اولد عبد العزیز نے سن 2009 میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو منجمد کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور 2010 میں انہوں نے اسرائیل کے ساتھ باضابطہ تعلقات منقطع کرتے ہوئے اسرائیلی سفیر کو فوری طورپر موریطانیہ کے دارالحکومت نواکشوط سے نکل جانے کا حکم دیا تھا ۔