(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) گزشتہ سال کے دوران قابض صہیونی حکومت نے فلسطینیوں کے کم سے کم 170 مکانات مسمار کیے، کئی مکانات ان کے مالکان کے ہاتھوں زبر دستی مسمار کرائے جس کے باعث ایک ہزار سے زائدفلسطینی بے گھر ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق صہیونی بلدیہ کے اہلکاروں نے فوج اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ مقبوضہ فلسطینی علاقے جنین کے شہریوں کے گھروں کو منہدم کردیا جس کے نتیجے میں یہ 5فلسطینی خاندان سخت سردیوں کے موسم میں خواتین اور بچوں سمیت بے گھر ہوگئے اور کھلے آسمان کے نیچے زندگی بسر کر نے پر مجبور ہیں ۔
خیال رہے کہ مقبوضہ فلسطین میں انسانی حقوق کی تنظیم المیزان کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران قابض صہیونی فوج کے ہاتھوں 170 سے زائد مکانات کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسمار کیا جا چکا ہے جس کے بعد فلسطینی خواتین اور بچوں سمیت ایک ہزار سے زائد شہری بے گھر ہوگئے ہیں ۔