(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) تیونس اور الجزائر کی جانب سے فضائی حدود کے استعمال کی اجازت نہ ملنے پر اسرائیلی ہوائی جہاز بحیرہ روم سے گذر کریونان، اسپین اور اٹلی کی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے مراکش کے دارالحکومت رباط پہنچا۔
تونس کے ‘نسمہ’ ٹی وی چینل نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے افریقی ملکوں تونس اور الجزائر سے درخواست کی گئی تھی کے وہ مراکش جانے والے اسرائیلی ہوائی جہاز ‘ایل وائی 555’ کو اپنی فضائی حدود کو استعمال کرنے کی جازت دے تاہم دونوں ممالک کی حکومتوں نے صیہونی ریاست کی درخواست کو مستردکردیا ۔
دونوں ملکوںکی جانب سے اجازت نہ ملنے کےبعد اسرائیلی طیارہ طویل سفر کرکے بحیرہ روم سے گذر کریونان، اسپین اور اٹلی کی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے مراکش کے دارالحکومت رباط پہنچا ۔
خیال رہے کہ گذشتہ منگل کو اسرائیل کے بن گوریون ہوائی اڈے سے امریکی اور اسرائیلی وفود کو لے کر اسرائیل کی پہلی دوستی پرواز مراکش کے لیے روانہ ہوئی۔ ہوائی جہاز میں امریکی صدر ٹرمپ کے مشیر اور ان کے داماد جیرڈ کشنر بھی موجود تھے۔