(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ فلسطین میں صہیونی فوجیوں کی کھلی دہشتگردی جاری ہے، مجبور فلسطینیوں کے گھروں اور تجارتی مراکز میں لوٹ مار معمول بن گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس کے شمالی قصبے بیت حنین میں قابض صہیونی فوج کے ٹولے نےفلسطینی تجارتی مراکز میں اشیائے خوردونوش کے مختلف اسٹوروں پر دھاوا بولتے ہوئے وافر مقدا میں سامان اکٹھا کر کے بوریوں میں بھرنا شروع کیا اور سامان جمع کر کے قیمتیں ادا کئے بغیر ہی اسٹوروں سے باہر نکل گئے ۔
عینی شاہدین کے مطابق صہیونی فوج کھلی دہشتگردی کرتے ہوئے مجبور فلسطینیوں کے گھروں اور اسٹوروں میں گھس کر بلا اجازت اپنی من پسند چیزیں اٹھا کر بوریوں میں بھر کر لے جاتے ہیں جن کے خلاف قانونی کارروائی کر نے کے لیے کوئی صہیونی ادارہ مدد کو تیار نہیں ہوتا جس کے باعث فلسطینی تجارتی مراکز کے مالکان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔