(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کہ نوجوان نسل کو بانیان پاکستان بالخصوص قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار سے آگہی فراہم کی جائے۔
مسئلہ فلسطین سے متعلق بانی پاکستان کی پالیسی آن لائن کانفرنس 25 دسمبر کو ہو گی، ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے مرکزی دفتر سے جاری ایک بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کل وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کہ نوجوان نسل کو بانیان پاکستان بالخصوص قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار سے آگہی فراہم کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں جس طرح صہیونی لابی کے حمایت یافتہ افراد اسرائیل کی حمایت کے لئے حقائق کو توڑ موڑ کر پیش کر رہے ہیں ایسے حالات میں ضروری ہے کہ پاکستانیوں کو بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی فلسطین پالیسی سے متعلق نظریہ سے آگہی فراہم کی جائے ۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل نے بتایا ہے کہ پچیس دسمبر جمعہ کو بابائے قوم قائد اعظم کی پیدائش کی مناسبت سے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان آن لائن کانفرنس بعنوان “مسئلہ فلسطین اور قائد اعظم محمد علی جنا کی پالیسی” کا انعقاد کیا جائے گا۔
یہ کانفرنس فلسطین فاؤنڈیشن کے فیس بُک صفحہ پر براہ راست نشر کی جائے گی، اس آن لائن ویڈیو کانفرنس میں پاکستان کی مایہ ناز شخصیات اور محققین سمیت میڈیا کی معروف شخصیات شریک ہوں گی اور خطاب کریں گے جبکہ اس کانفرنس میں نوجوان قیادت اور طلباء برادری کے رہنما بھی شریک ہوں گے اور اپنا نقطہ نظر بیان کریں گے۔